اسرائیلی فوج کی زیر کمانڈ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر صہیونی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی انتظامیہ نے جنوبی شہر بیت لحم کے گاؤں جبعہ کی درجنوں ایکڑ اراضی پر قبضہ کر لیا ہے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی سول انتظامیہ اور صہیونی فورسز نے مل کر جمعرات کی علی الصبح علاقے پر دھاوا بولا۔ صہیونی اہلکاروں نے فلسطینی شہریوں کو یہ اراضی خالی کرنے کے نوٹسز جاری کر دیے۔ اطلاعات کے مطابق کل 68ایکڑ اراضی پر قبضے کے احکامات صادر کیے گئے۔
دوسری جانب اراضی کے مالک خالد مشاعلہ نے بتایا کہ ان کے پاس اس اراضی کی ملکیت کی ثبوت کے تمام کاغذات موجود ہیں۔ مشاعلہ نے بتایا کہ اسرائیلی انتظامیہ اس اراضی میں موجود 300 زیتون کے درخت حاصل کرنا چاہتی ہے۔

