اسرائیلی پارلیمنٹ میں’’ جمہوری قومی اتحاد‘‘ کے سربراہ جمال زحالقہ نے کہا ہے کہ صہیونی ریاست میں فلسطینیوں کے خلاف اشتعال انگیزی ہاٹ کیک بن چکی ہے- انہوں نے خبر رساں ایجنسی صفا کو بیان میں کہا کہ اسرائیل میں فلسطینیوں کے خلاف اشتعال انگیز مہم نسل پرستی اور مسلمانوں کیخلاف صہیونی دشمنی کے تناظر میں چلائی جا رہی ہے-
جمال زحالقہ نے کہا کہ ان کی پارٹی کو سیکورٹی مسائل سے منسلک کر کے غیر قانونی قرار دئیے جانے کی سازشیں کی جار ہی ہیں ،لیکن یہ مہم انہیں خوفزدہ نہیں کر سکتی- انہوں نے کہا کہ انہیں دھمکیاں سننے کی عادت پڑ چکی ہے-انہوں نے مزید کہا کہ بعض صہیونی طاقتیں ان کا وجود ختم کرنا چاہتی ہیں-ان کی جماعت سیاسی ہے اوراس کاپروگرام سیاسی ہے- جمال زحالقہ نے فلسطینی نوجوان کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی خفیہ ادارہ’’ شاباک‘‘ عرب باشندوں کو گرفتار کر کے لبنا ن میں اسرائیلی کارندوں کی گرفتاری کا جواب دینا چاہتا ہے- وہ دنیا پر ظاہر کرنا چاہتا ہے کہ اسرائیل سے حزب اللہ کے جاسوس گرفتار ہوئے ہیں- واضح رہے کہ اسرائیل میں عرب جماعتوں نے فلسطینی نوجوانوں کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور اسے عرب جماعتوں کیخلاف سیاسی اقدام تصور کیا –