اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے القدس میں مسجد اقصی اور دیگر فلسطینی مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے سرگرم فاؤنڈیشن کے دفتر پر حملہ کیا ہے۔ خفیہ ایجنسی اور پولیس کے دسیوں اہلکاروں نے شاہراہ صلاح الدین ایوبی پر واقع ہیڈ کوارٹر پر دھاوا بول کر اس کی تلاشی لینا شروع کردی، دفتر کے سامان کی توڑ پھوڑ کی گئی ، تمام کمپیوٹرز اور ڈیجیٹل میموری قبضے میں لے لی گئی۔
”اقصی و مقدسات کی تعمیراتی فاؤنڈیشن” نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی اتھارٹیز نے دفتر پر حملہ کرکے موجود سامان پر قبضہ کرلیا ہے۔ حالانکہ یہ تنظیم اپنی تمام سرگرمیاں کھلے عام سر انجام دے رہی ہے اور اس کی تمام سرگرمیاں سب کے سامنے عیاں ہیں۔ ہمارا پروگرام واضح ہے جس کے خلاف رکاوٹیں کھڑی کرنے کی اسرائیل کو کچھ ضرورت نہیں۔
فاؤنڈیشن نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اسرائیل کی ایسی جارحانہ کارروائیاں ہمیں خوفزدہ نہیں کرسکتیں اور فاؤنڈیشن اپنا مشن ہر حال میں جاری رکھے گی۔ مسجد اقصی میں تعلیمی حلقوں کا انتظام اور یہاں پر قرآن و حدیث اور دیگر علوم کی اشاعت کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
