غرب اردن (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے علاقوں جنین اور سلفیت میں متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے سلفیت کے قصبے آل الزاویہ پر دھاوا بولا۔ وہ اتوار کے روز دو اسرائیلوں کو چاقو گھونپ کر ہلاک کرنے کی کارروائی کرنے والے مشتبہ فلسطینی نوجوان عمر ابو لیلیٰ کے آبائی گھر زبردستی داخل ہو گئے۔ انھوں نے ابو لیلیٰ کے والدین اور بھائی کو گرفتار کر لیا۔ تلاشی کے نام پر اسرائیلی فوجیوں نے سارا گھر برباد کر دیا۔
اسرائیلی فوجیوں نے آل الزاویہ قصبے کے متعدد گھروں پر چھاپے مارے اور قصبے کے داخلی راستے سیل کرتے ہوئے اردگرد علاقے میں عارضی ناکے لگا دیئے۔
درایں اثنا قابض اسرائیلی فوج کی بھاری نفری کے جنین پر دھاوا بولنے کے بعد وہاں پر تشدد جھڑپوں کا آغاز ہو گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوانوں محمد الميثوني ، عمر عقل، احمد المغير کو انکے گھروں سے اغوا کر لیا جن کی عمریں 18 سال تھیں۔