مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینیوں کا پرامن جلوس نابلس کے جنوب میں حوارہ کے مقام پر سڑک پرجا رہا تھا کہ اس دوران قابض صہیونی فوجیوں نے مظاہرین پر زہریلی گیس کی شیلنگ شروع کردی۔
زہریلی اشک آور گیس کی شیلنگ کے نتیجے میں فلسطینی رکن قانون ساز کونسل ولید عساف سمیت کم سے کم 20 افراد بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔ صہیونی فوجیوں نے آنسو گیس کی شیلنگ کے ساتھ ساتھ مظاہرین پر لاٹھی چارج بھی کیا جس کے نتیجے میں کئی افراد لہو لہان ہوگئے۔
صہیونی فوج کی وحشیانہ کارروائی کے بعد امدادی اداروں کی ٹٰیموں اور طبی عملے نے زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا تاہم صہیونی فوجیوں کی جانب سے صحافیوں کو مظاہرین تک رسائی سے روک دیا گیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق یوم الارض کی مناسبت سے فلسطینی شہریوں کے احتجاج کے موقع پر مغربی کنارے میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں اور شہری دن بھر اسرائیلی فوج کے ریاستی تشدد کے خلاف احتجاجی جلوس نکالتے رہے۔
نابلس میں حوارہ کے مقام پر نکالے گئے احتجاجی جلوس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے جنہوں نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اور بینرز کتبے بھی اٹھا رکھے تھے جن پر صہیونی ریاست کے غاصبانہ قبضے کے خلاف شدید نعرے درج تھے۔
