(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی شہریوں کوہراساں کرنے کا سلسلہ جاری،گزشتہ روز فلسطینی شہید محمد عبید کے گھر دھاوا بول دیا،گھر کی تلاشی لی اور اہل خانہ کو زدوکوب کیا۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ روز بھی بیت المقدس کے علاقے العیسویہ میں فلسطینی شہید محمد عبید کے گھر پر ہلہ بو ل دیا اور گھر کی تلاشی کا نام پر تمام سامان درہم برہم کردیا۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کی بڑی نفری نے شہید کے گھر کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے لیا تھا اور ان کے چھاپے کا مقصد شہید کے بھائی احمد کو حراست میں لینا تھا لیکن گھر پر غیر موجودگی کی وجہ سے وہ حراست سے محفوظ رہا۔
یاد رہے کہ 21 سالہ محمد عبید رواں سال 27 جون کو العیسویہ میں دوران احتجاج اسرائیلی فوج کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہو گیا تھا۔