مقبوضہ بیت المقدس میں قابض اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور فلسطینی نوجوانوں کے مابین اس وقت شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں جب صہیونی اہلکاروں نے علاقےمیں گھس کر متعدد گھروں کی تلاشی لینا شروع کر دی۔
ہفتے کی علی الصباح اسرائیلی فوجی اہلکاروں کی بڑی تعداد نے عیسویہ کالونی کے شاہراہوں اور گلیوں میں گشت شروع کر دیا اور فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دیں بالخصوص مراد شرتوک اور سامر انور نامی فلسطینیوں کے گھروں کی تفصیلی تلاشی لی گئی۔ صہیونی فورسز کے اس دھاوے کے بعد علاقے کے نوجوان سخت مشتعل ہو گئے اور انہوں نے فوج پر پتھراؤ شروع کر دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔
باقاعدہ جھڑپیں شروع ہونے کے بعد صہیونی فورسز کے اہلکاروں نے فلسطینی نوجوانوں پر اشک آور گیس کے شیلوں اور ربڑ کی گولیوں کی بوجھاڑ کردی جس کی زد میں آ کر متعدد نوجوان زخمی بھی ہوئے۔ فلسطینی نوجوانوں نے جواب میں اسرائیلی فوج پر گھریلو ساختہ پٹرول بم برسائے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

