قابض اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے منگل کی علی الصباح مغربی کنارے کے ضلع جنین کی چار جنوبی آبادیوں پر دھاوا بول کر شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوجی اہلکاروں نے مختلف مقامات پر ھنگامی چیک پوسٹیں لگا کر شہریوں کو زد و کوب کرنا شروع کردیا۔ بعض علاقوں میں روشنی کے بم بھی برسائے گئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ پانچ گاڑیوں پر سوار اسرائیلی فوجی اہلکاروں نے الجدیدہ، میثلون اور صانور کی آبادیوں پر دھاوا بولا اور مختلف گلیوں میں گشت کرنے لگے۔ اس موقع پر فلسطینیوں کو روک کر ان سے تفتیش کی جاتی رہی۔ متعدد شہریوں کو مارا پیٹا گیا، فوج نے صانور چوک پر چیک پوسٹ قائم کر کے شہریوں کو تنگ کرنا شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق بعض مقامات پر فوجی اہلکار گھات لگا کر بیٹھ گئے اور فلسطینیوں کی گاڑیوں کے قریب آنے پر انہیں روک کر ان سے تفتیش کرتے رہے۔ مرکہ علاقے کے ذرائع کے مطابق اس علاقے میں بھی اسرائیلی فوج نے رات گئے دھاوا بولا اور ایک ھنگامی چیک پوسٹ قائم کر کے صبح تک شہریوں کو تنگ کیا۔