(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں ایک چیک پوسٹ سے فلسطینی نوجوان دوشیزہ کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ گرفتار کی گئی لڑکی سے ایک چاقو برآمد کیا گیا ہے جو مبینہ طور پر یہودی فوجیوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہی تھی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فوجی اہلکاروں نے مشرقی بیت المقدس میں ’’زیتونہ‘‘ چیک پوسٹ سے گذرنے والی ایک فلسطینی لڑکی کو شک کی بناء پر روک کر اس سے تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران اس کے سامان سے ایک تیز دھار چاقو برآمد ہوا۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ فلسطینی لڑکی کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب زیتونہ چیک پوسٹ سے گذری اور پھر واپس آ گئی۔ اس کی حرکات سے وہ مشتبہ معلوم ہو رہی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے جانے کے بعد اسے نامعلوم مقام پر تفتیش کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والی لڑکی کی شناخت نہیں کی گئی۔
