اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ایک بڑے گروہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصی میں گھس کر مسلمانوں کے اس تیسرے مقدس ترین مقام کی بے حرمتی کی ہے۔ صہیونی اہلکاروں کے قبلہ اول میں گشت کرنے سے حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے۔القدس کے امور کے ماہر تجزیہ کار جمال عمرو نے اتنی بڑی تعداد میں صہیونی اہلکاروں کے مسجد میں داخل ہونے کے عمل کو ایک انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔
ان کے مطابق گزشتہ روز مسجد میں موجود نمازیوں اور طلبہ و طالبات نے اسرائیلی انتہاء پسند رکن پارلیمان موشے ویجلن اور دیگر فوجی اہلکاروں کے گنبد صخرہ پر دھاوے کی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا اور انہیں زبردستی مسجد کے احاطے سے نکال باہر کیا تھا۔ چنانچہ آج صہیونی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مسجد میں موجود طلبہ اور طالبات کا جائزہ لینے کے لیے مسجد پر دھاوا بولا ہے۔
