قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے جنوب شہر خان یونس میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ایک کمپائونڈ پر بمباری کی ہے جس کے
نتیجے میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
ادھر دوسری جانب قابض صہیونی افواج نے خان یونس کے قریب سے غزہ کے اندر کئی سو میٹر تک دراندازی کی اور فلسطینی آبادی پر مشین گنوں سے فائرنگ کی گئی۔
عینی شاہدین نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ اسرائلی فوج نے شمالی غزہ کی پٹی میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ایک تربیتی مرکز پر”ایف 16 ” جنگی طیاروں سے میزائل داغے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے انہوں نے دو میزائلوں کے دھماکے کی زور دار آوازیں سنی ہیں۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں ایک مکان تباہ ہوگیا اور اس کے آس پاس کے متعدد مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوج نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ایک مرکز پر راکٹ حملوں کے رد عمل میں فضائی حملے کیے ہیں۔ صہیونی میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی سے گذشتہ روز راکٹ حملے کے ساتھ ساتھ ایک یہودی آباد کار کے مکان پر فائرنگ کی گئی تھی تاہم فلسطینی ذرائع نے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی۔
ادھر خان یونس شہر سے مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ صہیونی فوجیوں کی چھ گاڑیاں سرحدی باڑ عبور کرنے کے لیے کم سے کم 150 میٹر غزہ کے اندر تک آئیں اور دیر البلح میں وادی السلقا میں فائرنگ کے بعد واپس چلی گئیں۔ فائرنگ سے کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
