اسرائیلی حکومت کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کی مختلف املاک کو یہودیانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے قبلہ اول کے قریب ایک فلسطینی کے گھر کو منہدم کر ڈالا ہے۔ پیر کی علی الصباح صہیونی بلڈوزروں نے سلوان کے علاقے میں برھان زکریا نامی فلسطینی کے گھر کو ملیامیٹ کر دیا ہے۔
فلسطینی شہری کے 150 مربع میٹر مسافت پر واقع گھر پر اسرائیلی پولیس اور فوج نے جبل المکبر کالونی کی جانب سے حملہ کیا اور اسے مکمل طور پر گھیرے میں لے کر پہلے اہل خانہ کو گھر سے زبردستی باہر نکالا اور پھر اس پر بلڈوزر چلا دیے۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے گھر میں موجود مویشیوں کے باڑے کو بھی منہدم کیا۔
اسرائیلی جارحیت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سلوان کی املاک و جائیدادوں کی دفاعی کمیٹی کے رکن فخری ابو دیاب کا کہنا ہے کہ یہ گھر گزشتہ چالیس برس سے اسی جگہ پر واقع تھا۔ اسرائیل کے لیے دراصل یہ گھر نہیں بلکہ اس میں بسنے والے لوگ اہم تھے۔ ابو دیاب نے بتایا کہ فلسطینی شہری کے گھر والے اس وقت سخت سردی میں کھلے آسمان تلے آ گئے ہیں۔