رام اللہ(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں رام اللہ کے مقام پر شہداء کے جسد خاکی واپسی کا مطالبہ کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے آنسوگیس اور دھاتی گولیوں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 5 فلسطینی ہوگئے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مغربی رام اللہ میں بیت سیرا کے مقام پر فلسطینیوں نے شہید ہونے والے فلسطینیوں کے جسد خاکی واپس کرنےکے لیے مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا۔ آنسوگیس کی شیلنگ کی اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا۔
پرامن فلسطینی شہید امیر دراج اور یوسف عنقاوی کے جسد خاکی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ دونوں کو اسرائیلی فوج نے گزشتہ سوموار کو کفر نعمہ کے مقام پر گولیاں مار کر شہید کرنے کے بعد ان کے جسد خاکی قبضے میں لے لیے تھے۔
اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 5 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہلال احمر کے رضاکاروں نے فوری طبی امداد فراہم کی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔