غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین میں شفافیت اور احتساب کے لیے سرگرم اتحاد ’’امان‘‘ نے ارکان پارلیمان کی ریٹائرمنٹ الاؤنسز روکنے کے اقدام پر فلسطینی اتھارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ امان کا کہنا ہے کہ سابقہ ارکان پارلیمنٹ کے پنشن الاؤنس سے انہیں محروم کرنا اور سیاسی بنیادوں پرانہیں انتقام کا نشانہ بنا ’’سیاسی کرپشن‘‘ کے مترادف ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’’امان‘‘کی طرف سےفلسطینی اتھارٹی کےوزیر خزانہ کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی ارکان پارلیمنٹ کے پنشن الاؤنس فورا جاری کریں۔
بدھ کے روز ’’امان‘‘ اتحاد کی طرف سے ارسال کردہ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی ارکان پارلیمنٹ کے خلاف قانونی چارہ جوئی ان کے دستوری حق تلفی کے مترادف ہے۔ تمام ارکان پارلیمنٹ سابقہ اور موجودہ سب عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کرآئے ہیں۔ ان کے الاؤنس روکنا ان کے حقوق غصب کرنے اور سیاسی کرپشن کرنے کے مترادف ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطینی اتھارٹی نے سابق فلسطینی ارکان اسمبلی کو ماہانہ بنیادوں پر ملنے والے الاؤنس بند کردیے تھے۔ شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم اتحاد کی جانب سے رام اللہ اتھارٹی کی انتقامی سیاست پر شدید تنقید کی گئی ہے۔