فلسطینی علاقے مغربی کنارے میں گذشتہ ایک ہفتے میں قابض اسرائیلی فوج نے تلاشی کی کارروائیوں میں ساٹھ فلسطینی گرفتار کر لیے ہیں۔ گرفتار کیے جانے والوں میں دس بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کی جانب سے فلسطین میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے حوالےسے ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا ہے کہ گذشتہ ہفتے پکڑ دھکڑ کی کارروائیوں میں سب سے زیادہ گرفتاریاں مغربی کنارے کے شہرنابلس سے کی گئی، جہاں سے 18 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اس کےعلاوہ بیت لحم سے آٹھ، جنین سے نو، رام اللہ سے چھ، الخلیل سے سات اور مقبوضہ بیت المقدس سے آٹھ، سلفیت سے دو اور طولکرم اور قلقلیلیہ سے ایک ایک فلسطینی گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق محروسین میں دو لڑکیاں سترہ سالہ امل جمال حمامدہ اور انیس سالہ سوسن محمود حمامدہ بھی شامل ہیں۔ انہیں الخلیل شہرسے حراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ دس کم عمر لڑکوں کو بھی حراست میں لیا گیا جن کی عمریں گیارہ سے بیس سال کے درمیان ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں گرفتار کیے گئے ساٹھ افراد میں سے چار کوحال ہی میں فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں سے رہا کیا گیا تھا۔