اسرائیل کے سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور مصر کی نگراں حکومت کے مابین قاہرہ میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار ایک دوسرے اسرائیلی شہری کی رہائی اور اس کے بدلے میں اسرائیلی جیلوں میں مزید 60 مصریوں کی رہائی لیے رابطے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی”موساد” سے تعلق اور مصرمیں تخریبی سرگرمیوں کے ملزم عودہ الترابین گذشتہ گیار سال سے قاہرہ کی کی ایک جیل میں ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی سفارتی ذرائع نے یہ انکشاف ایک ایسے وقت میں کیا ہے کہ ایک روز قبل مصرنے اسرائیل کے ایک جاسوس ایلین گرابیل کو اپنے پچیس شہریوں کی اسرائیلی جیلوں سے رہائی کے بدلے میں چھوڑا تھا۔ یہاں یہ امر واضح رہے کہ اسرائیل کی جیلوں میں گرفتار کل مصری قیدیوں کی تعداد 85 تھی، پچیس کی رہائی کے بعد اب بقیہ ساٹھ قیدیوں کی رہائی کے لیے بات چیت جاری ہے۔
ادھر عودہ الترابین کے اہل خانہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں عودہ کے والدین بھی اس کی واپسی کی خوشخبری سنیں گے۔
ادھر اسرائیلی ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ ایلین گرابیل کی رہائی کے لیے مصرسے مذاکرات کرنے والے اسرائیلی مذاکرات کاروں یتزحاق مولخو اور یسرائیل حاسمون نے عودہ کے وکیل کو بتایا کہ وہ اس کے موکل کی رہائی کے لیے بھی بات چیت کر رہے ہیں۔