(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی محکمہ امور اسیران کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید کی گئی فلسطینی خواتین کی تعداد 51 ہوگئی ہے۔ جیلوں میں ڈالی گئی تین خوایتن کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی محکمہ اسیران کی خاتون مندوب حنان الخطیب نے بتایا کہ صہیونی فوج کے ہاتھوں گرفتار کی گئی خواتین میں سے تین کو گولیاں مار کر زخمی کیا گیا تھا جنہیں بعد ازاں اسی حالت میں جیلوں میں لے جایا گیا ہے۔ دو خواتین کو الرملہ جیل میں قید تنہائی میں ڈالا گیا ہے۔ 31 خواتین الشارون جیل میں قید ہیں۔حال ہی میں پندرہ خواتین کو الشارون جیل سے’’دامون‘‘ نامی حراستی مرکز لے جایا گیا تھا۔ فلسطینی خواتین کی دوسری جیل میں منتقلی الشارون جیل میں جگہ کی قلت کی بناء پرعمل میں لائی گئی تھی۔
فلسطینی خاتون مندوب نے بتایا کہ انہوں نے خواتین کے لے قائم کردہ اسرائیل کی نئی جیل کا دورہ کیا اور خواتین قیدیوں سے ملاقات کی ہے۔ الدامون جیل میں لے جائے گئی فلسطین خواتین پر کسی قسم کا مقدمہ نہیں چلایاگیا ہے۔
