مصری حکام اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لیے طے پائے ایک سمجھوتے کے تحت قاہرہ نے جاسوسی کے الزام میں گرفتار ایک یہودی ایلین گرابیل کو رہا کر دیا ہے۔ اسرائیل نے اپنے شہری کی رہائی کے بدلے میں مصر کے پچیس شہریوں کو جیلوں سے آزاد کر دیا ہے۔
"مرکز اطلاعات فلسطین” کے مطابق اسرائیلی جاسوس ایلین گرابیل کو قاہرہ میں ایک خفیہ راستےسے ہوائی اڈے لایا گیا جہاں اسے صہیونی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ قیدیوں کے تبادلےکے موقع پر سرحد اور ہوائی اڈوں پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے جیلوں سے رہا ہونے والے پچیس مصری شہر طابا شہر کے راستے مصر پہنچے ہیں۔ مصری سیکیورٹی حکام نے اپنے شہریوں کوخود ہی طابا شہرسے وصول کیا۔اس موقع پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
خیال رہےکہ مصری حکام نے اس سال جنوری میں سابق صدرحسنی مبارک کے خلاف اٹھنے والی عوامی بغاوت کے دوران ایک اسرائیلی شہری کو حراست میں لیا تھا۔ دوران حراست گرابیل نے اعتراف کیا تھا کہ وہ مصرمیں موساد کے ایک ایجنٹ کے طور پر کام کرتا رہا ہے اور ہنگاموں کے دوران اس نے فوج پر حملوں کے لیے شہریوں کو رقوم اور اسلحہ بھی فراہم کیا تھا۔