(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں سمندر میں ماہی گیری کرنے والے دس فلسطینی شہریوں کو حراست میں لینے کے ساتھ ان کی کشتیاں ضبط کرلی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق منگل کی شام صہیونی فوجیوں نے غزہ کی پٹی کی سمندری حدود میں ماہی گیری کے دوران فلسطینی کشتیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کشتیوں کو نقصان پہنچا۔ قابض فوجیوں نے فائرنگ کے بعد فلسطینی شہریوں کی کشتیاں قبضے میں لے لیں اور ان میں سوار دس فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوج کی فائرنگ کے بعد سمندر میں ماہی گیری کرنے والے تمام فلسطینی شہری واپس ساحل پرآگئے۔ صہیونی فوجیوں نے فلسطینیوں کی کشتیاں اسدود بندرگاہ کی طرف منتقل کردیں۔
خیال رہے کہ حراست میں لیے گئے فلسطینی ماہی گیر سمندر میں غزہ کی پٹی سے آٹھ کلو میٹر سمندر میں تھے۔ آٹھ کلو میٹر تک سمندر میں ماہی گیری کی صہیونی حکومت کی طرف سے اہالیان غزہ کو باقاعدہ اجازت حاصل ہے مگر اس کے باوجود آئے روز صہیونی فوجی فلسطینی ماہی گیروں کو حراست میں لیتے اور ان کی کشتیاں قبضے میں لے لیتے ہیں۔
حراست میں لیے گئے ماہی گیروں کی شناخت عاطف عاھد بکر، مہیب عاھد بکر، محمد عاھد بکر، محمود زھیر الاشوح، بسیری مسعود مقداد، خلیل بہجت، جاد بکر، حسن زکی بکراور محمد جمال بکر کے ناموں سے کی گئی ہے۔