اسلامی تحریک مزاحمت”حماس” کے سیاسی شعبے کے رکن الشیخ صالح العاروری نے کہا ہے کہ اسرائٰیلی جیلوں میں موجود بقیہ نو فلسطینی اسیرات جلد رہا ہو کر اپنے گھروں میں پہنچ آئیں گی۔
مرکز اطلاعات فلسطین سےخصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کا کہ اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے تحت یہ طے کیا گیا تھا کہ صہیونی ریاست تمام خواتین اسیرات کو رہا کرے گی،
اسرائیل اس معاہدے میں کسی قسم کا رد و بدل نہیں کر سکتا۔ یہ اب چند دن کی بات ہے کہ صہیونی جیلوں میں موجود فلسطینی خواتین رہا ہو کر اپنے گھروں میں پہنچ جائیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں حماس رہ نما نے کہا کہ صہیونی جیلوں میں موجود تمام بقیہ نو خواتین کو قیدیوں کی رہائی کے دوسرے مرحلے سے قبل ہی رہا کیا جائے گا۔
ایک دوسرے سوال کے جواب میں حماس رہ نما شیخ العاروری نے کہا کہ اسرائیلی میڈیا میں آنے والی وہ تمام اطلاعات بے بنیاد ہیں کہ حماس نے اسرائیل کے ساتھ اسیران کی ڈیلنگ کے دوران صہیونی ریاست پر حملے روکنے کا خفیہ معاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حماس نے اس طرح کا کوئی معاہدہ نہیں کیا بلکہ حماس اسرائیلی جارحیت کا ہر سطح پر جواب دیتی رہے گی۔
شیخ العاروری کا کہنا تھاکہ حماس اسرائیلی جیلوں میں آزادی کے مجاہدوں کی رہائی کے لیے ہر سطح پر کوششیں کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حماس کے سامنے قیدیوں کی رہائی میں کوئی باؤنڈری لائن یا ریڈ لائن نہیں۔ وہ اسیران کی رہائی کے سلسلے میں ہر سطح پر کوششیں کریں گے۔