اسرائیلی فوج کے فلسطینی شہرغزہ کی پٹی پر تازہ فضائی حملے میں ایک فلسطینی شہید اور سترہ زخمی ہو گئے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فوج نے جمعہ کو علی الصباح غزہ کے متعدد مقامات پر بمباری کی، جس کے نتیجےمیں کئی مکانات تباہ اوردکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
غزہ میں ایمرجنسی میڈیکل سروسزکے ترجمان ادھم ابوسلمیہ نے مرکز اطلاعات فلسطین سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ غزہ میں جمعہ کو علی الصباح اسرائیلی فوج کے جنگی ہوائی جہازوں نے ایک مکان پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ایک اٹھائیس سالہ شہری رمضان الزعلان شہید اور ایک ہی خاندان کی دو خواتین اور سات بچوں سمیت بارہ افراد زخمی ہو گئے۔ حملے میں ایک ستائیس سالہ شہری بھی زخمی ہواہے۔
ادھم ابوسلیمہ نے بتایا کہ زخمیوں میں شہید ہونے والے شہری کی اہلیہ اوراس کے دو بچے بھی شامل ہیں۔ایک دوسرے مقام پر صہیونی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں پانچ شہری زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے تازہ بمباری گذشتہ بارہ گھنٹے کے دوران دوسری بڑی جارحیت ہے۔ قبل ازیں صہیونی فوج کی جارحیت میں دو فلسطینی مزاحمت کارشہید ہو گئے تھے۔ جس کے بعد بارہ گھنٹے میں شہداء کی تعداد تین ہو گئی ہے۔