(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ امہ کا امن، اتحاد اور ترقی کیلئے اکٹھا ہونا انتہائی ضروری ہے تاکہ کشمیر اور فلسطین جیسے مسائل حل کیے جائیں اور ترقی و خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جائے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ان خیالات کا اظہار سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو درپیش مسائل کا حل آپس کے اتحاد ویگانگت میں ہے اور ہمیں اس کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں اورآج کا یہ دن ہمیں دوستی اور تعاون کے رشتوں کی تجدید کا ایک موقع فراہم کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے تاریخی رشتوں اور تعلقات کو مشترکہ ترقی کیلئے تجارتی، دفاعی اور دیگر اہم شعبوں میں وسعت دیں۔