(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجی اہلکاروں کی اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرنے کی وجوہات گو کہ خفیہ رکھنے کی بھارتی حکومت کی اولین کوشش ہے تاہم یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ کشمیر میں بھیجے گئے زیادہ تر بھارتی فوجی اہلکار اپنی ہی حکومت کی سرد مہری کے باعث ذہنی دباؤ اور گھروں سے دوری کی وجہ سے خودکشی کرنے پر مجبور ہوتے ہیں ۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے علاقے ادھم پور میں تعینات قابض بھارتی فوج کے جونیئر کمیشن آفیسر پؤن کمار نے آرمی میس میں اپنے کمرے میں پنکھے سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ۔
واقعے کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں جبکہ بھارتی پولیس نے فوجی اہلکار کی خودکشی کے واقعے پر تمام ضروری کارروایاں مکمل کرنے کے بعد لاش کو پؤن کمار کے آبائی علاقے بھیج کر آفیسر کے خاندان کے حوالے کردیا ہے ۔
واضح رہے 10 دن پہلے بھی ایک بھارتی اہلکار نے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا تھا جب کہ 2007 سے اب تک 485 بھارتی فوج اور پولیس کے اہلکار ذہنی دباؤ کے باعث خود کشی کرچکے ہیں۔