(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران حکومت سے اسرائیل کے حوالے سے پالیسی پر وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایسی خبریں گردش کررہی ہیں جس سے تاثر ملتا ہے کہ شائد حکومت بعض عرب ممالک کی طرح اسرائیل کو ریاست تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے؟.
انھوں نے کہا کہ اس بات کی وضاحت اسمبلی میں ہونی چاہئے کہ اسرائیل کے حوالے سے حکومت کے کیا ارادے ہیں مسئلہ فلسطین ایک انہتائی اہم اور نازک معاملہ ہے اس میں کسی پس و پیش اور ابہام کی گنجائش نہیں حکومت کو اس حوالے سے واضح بیان دینا چاہئے اور فلسطین کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرنی چاہئے ۔
انھوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا مؤقف ہمیشہ ایک ہی رہا ہے انھوں نے ایوان میں بتایا کہ پوری دنیا میں سب سے پہلے پاکستان کے وزیر خارجہ سر ظفر اللہ نے اٹھایا تھا اورقرارداد منظور کرائی تھی جس کے ممنون فلسطینی آج بھی ہیں۔
انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان مقبوضہ فلسطین کی حمایت دیگر عرب ممالک کی معرفت سے نہیں کرتے بلکہ قبلہ اول سے اپنی وابستگی کے باعث کرتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر عرب ممالک نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کر لئے ہیں اور کچھ عرب ممالک تسلیم کر چکے ہیں یا خفیہ کر رہے ہیں تا پاکستان عرب ممالک کا کیمپ فالور نہیں ہے۔ پاکستان کا فلسطین کے ساتھ اپنا ایک رشتہ ہے ہم عرب ممالک کےدباؤ میں آ کر اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتے ۔