(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ملک بھر میں یکجہتی فلسطین مہم کے تحت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں کانفرنسز اور مظاہرے منعقد کئے جائیں گے جبکہ کراچی میں عظیم الشان سائیکل ریلی اور آئی ایس او کے تعاون سے یکجہتی فلسطین واک کا انعقاد کیا جائے گا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست رہنما مسلم پرویز، محفوظ یارخان، میجر(ر) قمر عباس، مولانا صادق جعفری، اسرار عباسی، یونس بونیری، ارشد نقوی،پیرزادہ ازہر ہمدانی، علامہ قاضی نورانی، مطلوب اعوان، کرامت علی، بشیر سدوزئی، عرم بٹ اور ڈاکٹر صابر ابو مریم سمیت دیگر کی جانب سے کراچی پریس کلب میں مشترکہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس میں رہنماؤں نے فلسطینی تنظیم حماس کو دہشت گرد قرار دینے پر برطانوی حکومت کی شدید مذمت کی۔
مقررین نے کہا کہ حماس فلسطین کی نمائندہ جماعت ہےاور فلسطین کی آزادی کی جدوجہد کر رہی ہے، درحقیقت اسرائیل کی سرپرست حکومتیں برطانیہ اور امریکہ سب سے بڑے دہشت گرد ہیں جبکہ حماس پورے عالم اسلام کے دل کی دھڑکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھی حماس کی حمایت کرتے ہیں۔
پریس کانفرنس میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں کے بین الاقوامی یوم یکجہتی کے موقع پر پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یکجہتی فلسطین مہم کا آغاز کا اعلان کیا گیا۔
رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حماس کو سرکاری سطح پراس وقت تسلیم کیا جائے کہ جب مسئلہ فلسطین تاریخ کے حساس ترین دو ر کا سامنا کر رہاہے، ایک طرف عرب ریاستیں ہیں جو فلسطین پر قائم کی جانے والی صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کر رہی ہیں تو دوسری طرف مظلوم فلسطینی ہیں جو گذشتہ ایک صدی سے مسلسل آزادی کی جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے ان کے اپنے وطن سے بے گھر کرنے اور فلسطین پر صہیونی قبضہ کی منصوبہ بندی میں صہیونیوں کے ساتھ ساتھ برطانوی استعمار اور امریکی سامراج برابر کے شریک ہیں اور فلسطین میں ایک صدی سے جاری ظلم و بربریت میں امریکہ اور برطانیہ برابر کے حصہ دار ہیں۔
مقررین نے کہا کہ پوری دنیا میں 29نومبر کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے دن منایا جاتا ہے تاہم فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے اس دن کی مناسبت سے ہفتہ بھر کو یکجہتی فلسطین مقرر کرتے ہوئے ملک بھر میں یکجہتی فلسطین مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن کی جانب سے یکجہتی فلسطین مہم کے تحت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں کانفرنسز اور مظاہرے منعقد کئے جائیں گے جبکہ کراچی میں مورخہ28نومبر اتوار کو عظیم الشان سائیکل ریلی گورا قبرستان شاہراہ فیصل سے شروع ہو کر کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہو گی جبکہ 29نومبر بروز پیر کو جامعہ کراچی میں آئی ایس او کے تعاون سے یکجہتی فلسطین واک کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔