(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیٹو کے سیکریٹری جنرل سے کہا کہ پاکستان پورے جنوب ایشیائی خطے میں امن و استحکام کے لیے پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز وفاقی وزیر برائے خارجہ امور مخدوم شاہ محمود قریشی برسلز میں منعقدہ پاکستان اور یورپی یونین کے چھٹے اسٹریٹیجک مذاکرات کے اجلاس میں شرکت کےلیے پہنچے جہاں انہوں نے نیٹو کے ہیڈ کوارٹر میں سیکریٹری جنرل جین اسٹولٹن برگ سے ملاقات کی۔
گفتگو کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان پورے جنوب ایشیائی خطے میں امن و استحکام کے لیے پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نےبات چیت کے دوران کشمیر پر بھارتی تسلط کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے امن کی کوششوں اور اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کے حل کیلیے مذاکرات پر یقین رکھتا ہے اور مذاکرات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے معاملے کو حل کرنے کا خواہاں ہے۔
یاد رہے کہ یہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اسٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان پر 2019ء میں دستخط کے بعد منعقد ہونے والا پہلا بالمشافہ اجلاس ہےجس میں دو طرفہ تعلقات، افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔