(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما اورمرکزی عہدیدار صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ مسلم امہ کو متحد ہو کر فلسطین کے لئے آواز اٹھانا ہو گی۔
پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما اورمرکزی عہدیدار صدیق الفاروق نے گذشتہ روز اپنی رہائش گاہ پرفلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم کی قیادت میں آئے وفد سےملاقات کی جس میں انہوں نے مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورت حآل پر بات کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ماضی میں حکمرانوں نے کشمیر کاز پر سودے بازی کی کوشش کی لیکن قوم نے ان کو مسترد کردیا۔ جبکہ آج فلسطین کے مجاہدین اور عوام نے اسرائیل کا مقابلہ کر کے ثابت کیا ہے کہ اگر مسلم امہ متحد ہو کر کوشش کرے تو فلسطین اور قبلہ اول کو صہیونیوں کے چنگل سے نجات دلوائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی کوششوں اور جدوجہدکو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فلسطین کاز کو فراموش کردیا گیا تھا تاہم فلسطین فاؤنڈیشن کی کوششوں سے آج پورے ملک میں فلسطین کاز کی بات کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما صدیق الفاروق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اوراسرائیل غاصب صہیونیوں کی ایک جعلی ریاست ہے۔
انہوں نے سینئر رہنما کے خیالات کی تائید کی اور ان کی خدمت میں فلسطینی مزاحمت پر مبنی اشعار اور نظموں کی کتاب بھی پیش کی۔