(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے منافی ہیں، ان اقدامات سے جنوبی ایشیا میں علاقائی امن و استحکام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے بیان میں مقبوضہ کشمیر میں مزید تقسیم اور جغرافیائی تبدیلیوں کی سازش سے متعلق رپورٹس پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر بین الاقوامی تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے اور پاکستان مقبوضہ علاقے کی آبادیاتی ساخت اور حتمی حیثیت میں تبدیلی کی بھارتی کوششوں کو مسترد کرتا ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ بھارت کے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے منافی ہیں۔
دفتر خارجہ نے بھارت سے غیر قانونی اقدامات اور کارروائیاں روکنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مکمل پاسداری کرے اور مزید کسی بھی ایسے اقدامات سے اجتناب کرے جس سے جنوبی ایشیا میں علاقائی امن و استحکام متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔
انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، عالمی پارلیمان، بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت بین الاقوامی میڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر صورت حال کا ادراک کریں کیونکہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں مزید کسی بھی غیر قانونی اقدامات سے روکنا ہو گا۔