(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) وزیر خارجہ نے کہا کہ آزاد مبصرین کو مقبوضہ وادی میں جانے کی اجازت نہیں، حقائق کو توڑ موڑ کر پیش کیا جاتا ہےاور اصل حقائق کو پوشیدہ رکھنے کے لیے بھارت ہر ناجائز حربہ استعمال کر تا ہے۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گذشتہ روزوزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر جاری کیے گئے تازہ ڈوزیئرکے حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کےبعد صحافیوں کو بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ یہ ڈوزیئر بھارت کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق جرائم کے حوالے سے 131 صفحات پر مشتمل ہے جس میں مقبوضہ وادی میں جعلی مقابلوں، خواتین کی آبرو ریزی، زیادتی اور گمنام قبروں کےحوالے سے مکمل ٹھوس شواہد شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد مبصرین کو مقبوضہ وادی میں جانے کی اجازت نہیں، حقائق کو توڑ موڑ کر پیش کیا جاتا ہےاور اصل حقائق کو پوشیدہ رکھنے کے لیے بھارت ہر ناجائز حربہ استعمال کرتا ہے۔
وزیرِ خارجہ نے مزید کہنا کہ بھارت کی جانب سے مسلم علاقے کو اقلیت بنایا جا رہا ہے، بھارت کی 9 لاکھ افواج مقبوضہ کشمیر پر مسلط ہیں جس کے بعد حقائق پر سے پردہ اٹھانے کے لیے مکمل ٹھوس شواہد کے ساتھ جاری کردہ یہ ڈوزیئر بہت معانی رکھتا ہے۔