(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) چکری انٹر چینج کے قریب واقعہ قرطبہ سٹی میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور فلسطینی عوام کے حق واپسی کی حمایت میں یادگار تعمیر کی گئی۔
یادگار میں فلسطینیوں کے حق واپسی کا عالمی نشان چابی نصب کیا گیا ہے۔ ابتدائی مراحل میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے یاد گار کا دورہ کیا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم فلسطینی عوام کے حق واپسی کی حمایت کرتے ہیں اور فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے۔ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے ہم فلسطینیوں کے حق واپسی اور ریفرنڈم پر مبنی منصفانہ حل کے ساتھ ہیں –
انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل کی بات کرنے والے فلسطین اور پاکستان کے ساتھ ناانصافی کرتے ہیں۔ فلسطین ہمیشہ فلسطینیوں کا تھا اور رہے گا جس کا دارلحکومت القدس ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ماہ رمضان میں فلسطینیوں کو فراموش نہ کریں اور رمضان کو بعنوان فلسطین کا مہینہ منائیں۔
انہوں نے غزہ میں جاری صیہونی جارحیت کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیتے ہوئے جارحیت بند کرنے کا مطالبہ کیا اور حکومت پاکستان سے کہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی حمایت کے لئے آواز بلند کریں۔ حکومت کی خاموشی شرمناک ہے۔