(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) میڈیا فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکریٹری اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیشن کے رہنما خواجہ عزیز الحسن نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا نہیں پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، مسئلہ فلسطین کی حمایت کرنا ہمارا بنیادی فریضہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار اخواجہ عزیز الحسن نے کراچی میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سے ملاقات کے دوران کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ظلم کرنے والی قوتیں زیادہ دیر تک ظلم جاری نہیں رکھ سکیں گی، انہوں نے مسلمانوں کو باہمی اتحاد و یکجہتی کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور قبلہ اوّل بیت المقدس مسلمانوں کے اتحاد کا محور و مرکز ہے، مظلوموں کی حمایت کرنا ایک اہم مشن ہے جس پر فلسطین فاؤنڈیشن کے ساتھ ہیں۔
اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے پاکستان میں فلسطین کاز کے لئے جاری سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی، دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کا اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک غاصب اور جعلی ریاست ہے جبکہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے۔
اس ملاقات کے دوران خواجہ عزیز الحسن نے روزنامہ قدس اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی ویب سائٹس اور دیگر کی کارکردگی کا بھی مشاہدہ کیا۔