(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) بین الاقوامی فوجداری عدالت کے نئے چیف پراسیکیوٹر کریم خان کی نئی ذمہ داریوں میں اسرائیلی جنگی جرائم کے مقدمےکو انجام تک پہنچانا بھی شامل ہے۔
بین الاقوامی فوجداری عدالت میں برطانیہ کے پاکستانی نژاد کریم خان نےنئے چیف پراسیکیوٹر کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہےجس کے بعد ان کی ذمہ داریوں میں فلسطینیوں سے متعلق اسرائیل کے جنگی جرائم کے مقدمے سمیت بہت سے زیر التوا اہم مقدمات کو انجام تک پہنچانا شامل ہے ۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فورسز کی طرف سے جنگی جرائم کے ممکنہ ارتکاب سے متعلق ہے اور اس سلسلے میں کریم خان کو ان الزامات کی قانونی چھان بین بھی کرانا ہو گی کیونکہ اسرائیلی حکومت کے بیانات کے مطابق اسرائیل کی جانب سے اس سلسلے میں عالمی فوجداری عدالت کو ہرقسم کے تعاون سے انکار کر تے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اس عدالت کا رکن ملک نہیں ہے اس لیے عدالت کو ایسی کسی چھان بین کا کوئی اختیار نہیں۔