(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) آل پارٹیز حریت کانفرنس کشمیر کے رہنما نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر سے متعلق کسی بھی قسم کے دباؤ کو قبول نہ کرے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نےگذشتہ روز آل پارٹیز حریت کانفرنس کشمیر کے کنوینئر محمد خطیب سے اسلام آبادمرکزی آفس میں ملاقات کی جس میں حریت کانفرنس کے رہنماؤں نثار مرزا، فیض نقشبندی، محمود ساغر اور دیگر موجود تھے۔
آل پارٹیز حریت کانفرنس کشمیر کے مرکزی رہنمامحمد خطیب نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور فلسطینی عوام کے حقوق اور آزادی کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے شکر گذار ہیں کہ اس فاؤنڈیشن نےمسئلہ فلسطین کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا ہر نوجوان فلسطین اور قبلہ اول کی آزادی کا خواہش مند ہے۔
اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو مسئلہ فلسطین کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور گیارہ روزہ لڑائی میں فلسطینی مزاحمت اور عوام کی جانب سے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کو پہنچائے جانے والے بھاری نقصان سے بھی آگاہ کیاجبکہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان میں مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کی حمایت اور آگاہی مہم کو تیز کیا جائے گا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر سے متعلق کسی بھی قسم کے دباؤ کو قبول نہ کرے۔