(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ملی یکجہتی کونسل پاکستا ن کےمرکزی رہنما ثاقب اکبر نےکہا کہ حالیہ فلسطین اور غاصب اسرائیل کے مابین ہونے والی گیارہ روزہ جنگ کے دوران فلسطینی مجاہدین اور عوام کی مزاحمت نے پوری مسلم امہ کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ثاقب اکبر سے ملاقات کی اور مسئلہ فلسطین سے متعلق ملی یکجہتی کونسل کے ٹھوس اور جامع موقف پران کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ علی چوہدری بھی موجود تھے۔
ملاقات کےدوران مسئلہ فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اس موقع پرملی یکجہتی کونسل پاکستا ن کے مرکزی رہنما ثاقب اکبر نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی انتھک محنت اور مستقل جدوجہد کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے رول ماڈل قرار دیا اور کہا کہ حالیہ فلسطین اور غاصب اسرائیل کے مابین ہونے والی گیارہ روزہ جنگ کے دوران فلسطینی مجاہدین اور عوام کی مزاحمت نے پوری مسلم امہ کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے ملی یکجہتی کونسل کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ملک بھر میں فلسطین کاز سے متعلق آگاہی کے لئے کوشاں ہے اور یہ مشن فلسطین کی آزادی اور قبلہ اول کی بازیابی تک جاری رہے گا۔