(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) جماعت اسلامی پشاور کی ریلی سے خطاب میں حماس رہنماء نے کہا کہ مشکل وقت میں مظلوم فلسطینیوں کے حق کی آواز بلند کرنے پر پاکستانیوں کے شکرگزار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز پشاور میں جماعت اسلامی کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کےخلاف مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ارکان نے اسرائیلی مظالم کی بھر پور مذمت کی اور فلسطینیوں کا ساتھ دینے کا اعادہ کیا۔
اس موقع پرمقبوضہ فلسطین میں صیہونی ریاستی دہشتگردی اور بدترین مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کےسربراہ اسماعیل ھنیہ نے بھی ریلی سے براہ راست خطاب کیا۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف کامیابی ہماری ہوگی، کامیابی جہاد کی ہوگی اور اس فتح میں پاکستان بھی ہمارے ساتھ ہےجبکہ فلسطینیوں کے حق کی آواز اٹھا نے پر فلسطینی عوام اپنے پاکستانی بھائیوں کے شکرگزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے مظاہروں کے ذریعے پوری قوت سے فلسطین کا ساتھ دیا اور میں امید کرتا ہوں کہ وزیراعظم عمران خان بھی عملی اقدامات اٹھائیں گے اور تمام مسلم ممالک کے سربراہوں کے ساتھ حکمت عملی طے کریں گے۔
خیال رہے کہ غزہ پر صہیونی بم باری اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد کی شہادت پر پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کے توسط سےصیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم سے متعلق عالمی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کرنے کی قرارداد پیش کی تھی جسکی منظوری فلسطین میں امن عمل کی جانب بہترین پیش رفت ہے۔