(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) آن لائن کشمیر کانفرنس میں صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئےاقوام متحدہ کے کردار پر تشویش کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام آن لائن کشمیر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، صدارت میزبان تنظیم کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کی۔
تقریب میں شریک چوہدری محمد سرور گورنر پنچاب ، برطانوی ممبرز آف پارلیمنٹ سٹیو بیکر، افضل خان ، محمد یاسین اور سابق ممبر آف پارلیمنٹ فیلیپ بینین نےکشمیر کے حق میں بات کر تے ہوئے کشمیریوں کے بنیادی اور پیدائشی حق خوداردیت دلوانے کے لیے بھارت پر دباؤ بڑھانے پر زور دیا جبکہ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر اور دیگر مقررین نے تحریک کشمیر کی مسلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کا وشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر سرداد مسعود خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرکے عالمی قوانین کی خلاف وارزی کر رہا ہے. بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈہ عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکا۔ اب اقوام متحدہ کو اپنی زمہ داری پوری کرنی چاہیے ۔