(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) بھارتی فوج کے ساتھ مقبوضہ کشمیرمیں آزادی کے لیے برسر پیکارکشمیری مجاہدین کو اسلحے کی فراہمی کے الزام میں بھارتی پولیس نےبہار کے رہائشی جاوید عالم اور ان کے بھائی کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز بھارتی ریاست بہار کےضلع چھاپرا کے دیوبہوارا گاؤں کے ایک اسکول کے ریٹائرڈ ٹیچر محفوظ عالم کے 25 سالہ بیٹے جاوید عالم کو مقبوضہ وادی کشمیرمیں آزادی کے لیے بھارتی فوج کے ساتھ برسر پیکار کشمیری مجاہدین کو اسلحہ فراہم کر نے کے الزام میں اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ اپنے والد کے ساتھ کھیتی باڑی میں مصروف تھا۔
قابض بھارتی پولیس کی کارروائی کے نتیجے میں حراست میں لیے گئے نوجوان کے بھائی مشتاق عالم جوکہ پنجاب کے شہر موہالی میں نرسنگ کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں کو بھی بھارتی پولیس نے گرفتار کر لیا اور تفتیش جاری ہے جبکہ ان نوجوانوں کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹوں کا کسی گروپ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
کشمیری مجاہدین کو اسلحے کی فراہمی کے الزام پرمحفوظ عالم کا اپنے بیٹے کے بارے میں کہنا ہے کہ ان کا بیٹا فوج میں شامل ہونا چاہتا تھا لیکن ہر کوشش کے بعد بھی فوج میں شامل نہیں ہو سکا۔