(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر پر قابض ہندوستانی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں3کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آج مقبوضہ کشمیرمیں ضلع پلوامہ کےعلاقےترال میں مندورہ کے مقام پرقابض بھارتی فوجیوں نے سرچ آپریشن کےبہانے علاقے کی ناکہ بندی کر تے ہوئے گھرگھر تلاشی کےدوران 3 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
واضح رہے کہ موصول ہونےوالی اطلاعات کے مطابق بھارتی قابض فوج کی جانب سے علاقے میں بدترین خوف وہراس پھیلاتے ہوئےپر تشدد آپریشن جاری ہے جبکہ بھارتی فوجیوں نے شوپیان ، پلوامہ ، بارہ مولہ ، راجوری سمیت دیگر علاقوں میں اپنے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کو مسلسل جاری رکھا ہوا ہے جس سے مقامی باشندوں کو زبردست تکلیف کا سامنا ہے۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے ہی ایک اور علاقے بانڈی پورہ کے علاقے پٹوشاہی میں بھی میں بھارتی بربریت کے ہاتھوں ایک کشمیری نوجوان کو چیک پوسٹ سے گرفتار کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
بشکریہ کشمیر میڈیا سروس