(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )کشمیری جماعت نے عالمی برادری سے بھارت میں قید سبھی کشمیری قیدیوں کو فوری طورپر رہا کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بھارت کی جیلوں میں کشمیریوں کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے جس کا نوٹس عالمی برادری کو لینا چاہیے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کی کل جماعت حریت کانفرنس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بڑا المیہ ہے کہ جموں و کشمیر کے بیشتر سیاسی رہنماؤں، نوجوانوں، سول سوسائٹی کے معزز ارکان یہاں تک کہ کئی خاتون سیاسی رہنماؤں کو بھارتی جیلوں میں کئی کئی برسوں سے انہیں حراست میں لینے کے بعد سے بغیر مقدمہ چلائے اور عدالت میں پیش کئے بغیر قید و بند کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا گیا ہے۔
بیان میں بھارتی جیلوں میں مظلوم کشمیریوں کی ابتر حالت پر کہا گیا ہے کہ بھارتی حکام کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھے ہوئے ہیں جس کے ثبوت بارہا ملتے رہے ہیں جبکہ اس کاحالیہ مظاہرہ تہاڑ جیل میں قید محمد ایاز اکبر کے ساتھ بھی کیا جارہا ہے کہ گزشتہ تین سالوں سے مہلک مرض کینسر میں مبتلا اپنی اہلیہ کو دیکھنے کے لئے بار بار اپیلوں کے باوجود انہیں ایک دن کے لئے بھی رہا نہیں کیا گیا یہاں تک کہ گزشتہ دنوں ان کی اہلیہ کا انتقال ہوگیا۔
بیان میں عالمی برادری سے بھارت میں قید سبھی کشمیری نظربندوں کو فوری طورپررہا کرنے کا مطالبہ کیا گیااور واضح کیا گیا کہ بھارت کی جیلوں میں کشمیریوں کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے جس کا نوٹس عالمی برادری کو لینا چاہیے۔