(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) 29 نومبر بروز اتوار سہ پہر 3 بجے بمقام ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی اور فلسطین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام یکجہتی فلسطین کانفرنس کا اہتمام کیاگیا ہے جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی کراچی جناب حافظ نعیم الرحمان کریں گے جبکہ سیاسی ، سماجی ، مذہبی رہنماؤ سمیت زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔
یکجہتی فلسطین کانفرنس کا مقصد مقبوضہ فلسطین کے نہتے شہریوں پر قابض صیہونی ریاست کے مظالم کے خلاف آواز اٹھا نا ہے اور حالیہ بعض خلیجی ممالک کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کرنا ہے ۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات ، بحرین اور افریقی ملک سوڈان نے کچھ عرصہ قبل قابض صیہونی ریاست کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ تعلقات کی بحالی کے معاہدے کیئے ہیں جبکہ امریکا اور سعودی عرب کی جانب سے بھی پاکستان پر اسرائیل کو بطور ریاست تسلیم کرنےکیلئے شدید دباؤ ہے تاہم وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں پاکستان کے دیرنیہ مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے فلسطینیوں کی مرضی کے کے حل کے بغیر اسرائیل کے ساتھ کسی طور پر تعلقات قائم نہیں ہوسکتے ۔