(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیل کی وحشیانہ بربریت میں فلسطینی تنہا نہیں ہیں، پاکستان فلسطینیوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ فلسطینی وزیرخارجہ کا حمایت اور امداد بھجوانے پر پاکستان سے اظہار تشکر۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے فلسطینی ہم منصب ریاض المالکی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں سے یکجہتی اور آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنوبی ایشیا سمیت عالمی امن کیلئے "ضروری ” ہے۔
بیان کے مطابق نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی وحشیانہ بربریت میں فلسطینی تنہا نہیں ہیں، پاکستان فلسطینیوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ اس موقع پر فلسطینی وزیرخارجہ نے حمایت اور امداد بھجوانے پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا۔