(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما کی گرفتاری سمیت 14بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیےجانے کے خلاف پورے جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال رہی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے قابض بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جعلی پولیس مقابلوں میں 14بےگناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما عبدالرشید لون کی گرفتاری سمیت ان کشمیریوں کے لیےہڑتال کی کال دی جنہیں بھارتی فورس کے پیلٹ گن، فائرنگ اورآنسوگیس شیلنگ کے نتیجے میں مہلک زخموں کے باعث ان کے جسم کے حصے ناکارہ ہوگئے ۔
حریت کانفرنس کی کال پرسرینگر، اسلا م آباد، شوپیاں، پلوامہ اور دیگر علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی تاہم مظاہرین کی جانب سے نمازجمعہ کے بعدباقاعدہ مظاہرے کیے گئے جس میں بےگناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کر تے ہوئے حریت رہنما کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف شدید احتجاجی نعرے لگائے گئے۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بھارتی مظالم کے خلاف بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن میں بھارت کے خلاف نعرے درج تھے جو کہ بھارت کی اصلی شکل پیش کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور پیپلز لیگ سمیت دیگر حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے کی گئی ہڑتال کی مکمل حمایت کی گئی جس کے نتیجے میں سرینگر، اسلا م آباد ، شوپیاں، پلوامہ اور دیگر علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی ۔