(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قابض بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتےہوئے مزید چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جس کے بعد شہید ہونےو الے کشمیریوں کی تعداد سات ہوگئی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلواما اور شوپیاں میں قابض بھارتی فوجیوں نے نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر کشمیریوں کے گھروں میں لوٹ مار کرتے ہوئے مکینوں کو تشدد کانشانہ بنایا، آج ہونے والی شہادت کا پہلاواقعہ ضلع شوپیاں میں پیش آیا جہاں سرچ آپریشن کےدوران قابض بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 نوجوان شہید ہوگئے۔
دوسرا واقعہ ضلع پلوامہ مں پیش آیا جہاں سفاک بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران دو نوجوانوں کو حراست میں لیا اور محلے سے باہر لے جاکر سرے عام فائرنگ کرکے شہید کردیا جبکہ شہداء کے جسد خاکی لواحقین کے حوالے کرنے سے بھی انکار کردیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ضلع شوپیاں کے اسی محلے میں سرچ آپریشن کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا تھا اس طرح صرف شوپیاں میں چوبیس گھنٹوں میں 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔