(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) یورپی پارلیمنٹ کے بعض اراکین نے بدھ کے روز غزہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سرخ شرٹس پہنیں اور قابض اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھتے ہوئے سفاکیت کی تمام حدود پار کرنے کی شدید مذمت کی۔
یہ احتجاجی مظاہرہ فرانس کے شہر اسٹراسبرگ میں یورپی پارلیمنٹ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران کیا گیا جب یورپی یونین کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈیر لائن اپنا خطاب شروع کرنے والی تھیں۔ اس احتجاج میں سوشلسٹ اور ڈیموکریٹس، گرینز اور بائیں بازو کی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین نے شرکت کی۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں میں سرخ رومال بھی اٹھا رکھے تھے جو اس بات کی علامت تھے کہ قابض اسرائیل نے غزہ میں تمام سرخ لکیریں عبور کر لی ہیں۔
کچھ اراکین نے تربوز کی شکل کے بیجز بھی لگائے ہوئے تھے جو فلسطینی پرچم کے رنگوں کی نمائندگی کرتے ہیں تاکہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیا جا سکے۔
احتجاج کرنے والے اراکین نے یورپی کمیشن کی خاموشی پر سخت تنقید کی جو قابض اسرائیل کے جاری حملوں پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور مطالبہ کیا کہ تل ابیب پر سخت ترین پابندیاں عائد کی جائیں۔