(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) یمنی فوجی ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے کہا ہے کہ یمنی فوج نے تل ابیب، الخضیرہ، اللد اور اشدود پر کامیاب ڈرون حملے کئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ یمنی ڈرونز نے قابض اسرائیل کے خلاف چار بڑی کارروائیاں کی ہیں جن میں صہیونی فوج کے جنرل اسٹاف کا ہیڈکوارٹر، الخضیرہ کا بجلی گھر، بن گوریان ایئرپورٹ اور بندرگاہ اشدود پر حملہ شامل ہے۔
یحیی سریع نے کہا کہ ہم نے تل ابیب میں صہیونی جنرل اسٹاف کے ہیڈکوارٹر کو صماد چار ڈرون کے ذریعے کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر تین ڈرون حملے الخضیرہ کے بجلی گھر، یافا میں بن گوریان ایئرپورٹ اور اشدود کی بندرگاہ پر کیے گئے جو اپنے اہداف پر کامیابی کے ساتھ لگے۔
یمنی فوجی ترجمان نے مزید کہا کہ غاصب اسرائیل کے خلاف جاری بحری محاصرے کے سلسلے میں یمنی فورسز نے (ایم ایس سی ،اے بی وائے) نامی ایک تجارتی جہاز کو بھی نشانہ بنایا جو شمالی بحیرۂ احمر میں سفر کررہا تھا۔ جہاز نے مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہوں پر پابندی کی خلاف ورزی کی جس پر دو ڈرون اور ایک کروز میزائل سے حملہ کیا گیا اور یہ حملے اپنے اہداف پر کامیابی سے لگے۔
یحیی سریع نے زور دے کر کہا کہ غزہ میں اپنے بھائیوں کی مدد کے لیے یہ آپریشنز اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک ان پر حملے بند نہیں ہوتے اور غزہ کا محاصرہ ختم نہیں کیا جاتا۔