اسلام آباد (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے اسرائیلی ریاست پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبرانی ریاست چوروں اور ڈاکوؤں کا ملک ہے۔ انہوں نے سنہ 1948ء میں فلسطینی سرزمین پر ڈاکہ ڈال کر نام نہاد یہودی ریاست قائم کی اور آج تک فلسطینی اراضی اور املاک چوری کررہے ہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اپنے دورہ پاکستان کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک بے لگام ریاست ہے جو بین الاقوامی قوانین کی پابندی نہیں کرتی۔ اس نے فلسطینی اراضی میں صیہونی آباد کاری اور توسیع پسندی کی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
ملائیشین صدر کا کہنا تھا کہ ہم یہودیوں کے خلاف نہیں مگر مقبوضہ فلسطینی اراضی پراسرائیل کوتسلیم نہیں کرسکتے۔ آپ کے لیے یہ ممکن نہیں کہ آپ دوسرں کی اراضی پر غاصبانہ قبضہ جمائیں اور چوروں اور ڈاکیتوں کی طرح اپنی ریاست قائم کریں۔
ملائیشیا کے صدر کی طرف سے یہ تندو تیز بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ وادی گولان کو اسرائیل کا حصہ قرار دینے کی حمایت کی ہے۔
مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر جمعرات کو اسلام آباد پہنچے تھے۔ انہوں نے اپنے پاکستانی ہم منصب عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔