مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) پولینڈ کی حکومت نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کی طرف سے دوسری عالمی جنگ میں جرمنی کے نازیوں کے ساتھ مل کر یہودیوں کے قتل عام کے الزام پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے جب تک اسرائیل سرکاری طورپر اپنے اس بیان پر معافی نہیں مانگے گا اس کے ساتھ کشیدگی ختم نہیں کی جائے گی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی ویب ’’ i24news ‘‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولینڈ کی حکومت اسرائیل کے ساتھ جاری سفارتی کشیدگی ختم کرنے کے لیے حکومت سے باضابطہ معافی مانگنے کے مطالبے پر قائم ہے۔ عبرانی ویب سائیٹ کےمطابق اسرائیل کے قائم مقام وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز کے پولینڈ کی حکومت کو مزید مشتعل کردیا ہے۔ یسرائیل کاٹز نے نیتن یاھو کے الزام پر مزید جلتی پرتیل کا کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولینڈ کی عورتیں اپنے بچوں کو سام دشمنی کا دودھ پلاتی رہی ہیں۔
پولینڈ کی حکومت کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگرچہ اسرائیل کے ساتھ پائی جانے والی کشیدگی برقرار ہے مگر اسرائیل کے ایک عہدیدار نے اسے مزید بھڑکا دیا ہے۔ ان کا اشارہ اسرائیل کے قائم مقام وزیرخارجہ یسرائیل کاٹزکی جانب تھا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے الزام عائد کیا تھا کہ پولینڈ کےلوگوں نے دوسری عالمی جنگ کے دوران جرمنی کے نازیوں کے ساتھ مل کر یہودیوں کا قتل عام کیا تھا۔ ان کے اس بیان پر پولینڈ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل سے معافی مانگنےکامطالبہ کیا ہے۔