(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچی کا کہنا ہے کہ بے گناہ نہتے فلسطینیوں کے قتل عام پر فوری اور شفاف تحقیقات کے مطابلے کے جواب میں اسرائیلی خاموشی قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔
اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچی نیکولائے میلاڈینوف نے غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں ایک پورے خاندان السوار کہ کے اجتماعی قتل عام کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے صہیونی ریاست سے تحقیقات کے مطالبے پر خاموشی پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کی منظم دہشت گردی کے اس بھیانک واقعے نے پوری انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا ہے ، اسرائیلی فوج کے حملوں میں کم سن بچے اور خواتین شہید ہوئے جو قابل مذمت اور انتہائی افسوسناک ہے ۔
اقوام متحدہ کے ایلچی کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج نے السوارکہ خاندان کو بے رحمی اور بے دردی کے ساتھ بمباری کا نشانہ بنا کر انہیں شہید کیا اقوام متحدہ کی جانب سے پورے فلسطینی خاندان کی شہادت کی شفاف تحقیقات کے مطالبے پر اسرائیلی حکام کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا جو قابل افسوس ہے ۔
واضح رہے کہ جمعرات کی صبح قابض صہیونی فوج نے غزہ کے وسطی علاقے دیر البلح میں فلسطینی خاندان السوارکے مکان پر میزائلوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد شہید اور 12 زخمی ہوگئے تھے۔