مصری وزیر خارجہ محمد عمرو نے ذرائع ابلاغ میں آنے والی ان خبروں کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے اٹھارہ اگست کو مصری سرحد میں گھس کر چھ مصری فوجیوں کو شہید کرنے پر قاھرہ حکام سے باقاعدہ معذرت کر لی ہے۔
مصری وزیر خارجہ نے بدھ کی شام ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ مصر کو اسرائیلی وزارت دفاع کی جانب سے ایک سرکاری خط موصول ہوا ہے جس میں اس نےاٹھارہ اگست کے روز اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے مصری فوجیوں کےورثاء سے اظہار افسوس کرنے کے بعد باقاعدہ معذرت طلب کی ہے۔
بہ قول عمرو اسرائیل کا یہ اقدام وزارت خارجہ کی جانب سےکیے گئے مطالبے کا مثبت جواب ہے۔
اس سے قبل بھی اسرائیلی وزیر دفاع مصر کے اندر اس کےفوجیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کر چکے ہیں تاہم انہوں نے اس پر معذرت کرنے سےانکار کیا تھا جس کے بعد مسلسل مصری حکام اسرائیل سے معذرت کرنے کا اصرار کر رہےتھے۔
واضح رہے کہ اٹھارہ اگست کو نام نہاد اسرائیل کی مصر سےملحق سرحد کے قریبی شہر ’’ام الرشراش (ایلات)‘‘ میں چند نامعلوم حملہ آوروں نےاسرائیلی فوجیوں کی دو بسوں پر فائرنگ کر کے 09 اسرائیلیوں کو جہنم واصل کر دیا تھا جس کے جواب میں اسرائیلی فوج نے ایک کارروائی کے دوران صحرائے سینا میں گھس کر چھ مصری فوجیوں کو مار ڈالا تھا۔