(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) سینکڑوں مصری صحافیوں نے ایک یادداشت پردستخط کر کےمصری صحافت کی یونین کونسل سے صیہونی دشمن کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی مخالفت کے فیصلے پر زور دیا ہے۔
گزشتہ روز مصری صحافیوں کی یونین کے سابق صدر یحییٰ قلاش نے اپنےفیس بک پیج پر مصری صحافیوں کے سنڈیکیٹ کی جنرل اسمبلی کے ممبروں کی جانب سے یادداشت پر دستخط کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے پوسٹ کی ہےکہ یہ اقدا م ایسے وقت میں کیا گیا ہے جبکہ عرب ممالک صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے والے قافلے میں شامل ہونے کا ایک دوسرے کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں۔
قلاش نے صیہونی حکومت کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو معمول پر لانے کا حوالہ دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ یہ اقدام عرب اقوام کے اعتقاد کے منافی ہے جو قابض حکومت کو دشمن سمجھتے ہیں اوریہ غیر قانونی ریاست ان کی قومی سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ مصری صحافیوں کی جانب سے صہیونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی مخالفت میں دستخط کیےجانے والی اس یادداشت میں یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ مصری جرنلسٹس یونین صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے پر پابندی عائد کرنے والی وہ پہلی جماعت ہےجس نے1978 میں مصر اور صیہونی حکومت کے درمیان ہونے والےکیمپ ڈیویڈ معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد سے اس غیر قانونی ریاست کے ساتھ کسی بھی طرح کے تعلقات رکھنے کو منع قرار دیا اور اس کی مخالفت کا اعلان کیا تھا ۔